برف پگھلنے لگی، سعودی عرب کا قطر کیساتھ سرحدیں کھولنے کا فیصلہ

برف پگھلنے لگی، سعودی عرب کا قطر کیساتھ سرحدیں کھولنے کا فیصلہ

22 views

سعودی عرب نے قطر کیساتھ طویل عرصے سے جاری بحران کو ختم کرتے ہوئے سرحدیں کھولنے کا اعلان کیا ہے جسے ایک بڑی سفارتی پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔

غانیہ نورین

غیرملکی میڈیا ڈی ڈبلیو کے مطابق سعودی عرب نے پڑوسی ملک قطر کو الگ تھلگ کرنے کی اپنی کوششوں کو ترک کرتے ہوئے پیر کے روز اپنی سرحدیں اور فضائی حدود کو کھولنے کا اعلان کیا۔ یہ اعلان منگل  پانچ جنوری سے خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے سربراہی اجلاس شرو ع ہونے سے قبل کیا گیا ہے۔ اسی اجلاس میں ایک باضابطہ معاہدہ ہونے کی توقع ہے۔

کویت کے وزیر خارجہ احمد ناصر الصباح نے پیر کے روز اپنے ایک بیان میں کہا، ”سعودی عرب، قطر کے ساتھ اپنی فضائی حدود اور بری و بحری سرحدوں کو پیر کی شام سے کھول رہا ہے۔ اس نے یہ فیصلہ قطر کا معاشی مقاطعہ ختم کرنے کے لیے امیر کویت شیخ نواف الاحمد الصباح کی پیش کردہ تجویز کی روشنی میں کیا ہے۔”

کویتی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ امیر کویت نے قطر کے اپنے ہم منصب کے علاوہ سعودی ولی عہد سے بھی بات چیت کی ہے۔ کویت کے امیر شیخ نواف الاحمد الصباح، قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان بات چیت سے یہ واضح ہے کہ”ہر ایک اتحاد کا خواہاں ہے۔”  یہ تینو ں رہنما ملاقات کرنے والے ہیں اور ‘برادرانہ تعلقات کے ایک نئے اور روشن باب‘ کے حوالے سے ایک بیان پر دستخط کریں گے۔

سعود ی عرب کی جانب سے قطر کے خلاف جاری پابندیوں کو ختم کرنے کا اعلان ایک ایسے وقت کیا گیا ہے، جب منگل سے العلاء شہر میں خلیجی ممالک کے رہنماوں کی سالانہ اکتالیسویں سربراہی کانفرنس (جی سی سی) شروع ہو رہی ہے۔ جی سی سی میں سعودی عرب کے علاوہ قطر، کویت، بحرین، متحدہ عرب امارات اور عُمان شامل ہیں۔

تنازعہ کیا تھا؟؟

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے جون 2017 میں قطر کے مبینہ طور پر دہشت گردی کی حمایت کرنے اور ایران کے ساتھ روابط رکھنے کی بنا پر اس سے تعلقات ختم کرتے ہوئے قطر کے آگے کئی مطالبات رکھے تھے۔

جن میں الجزیرہ چینل کو بند کرنا، اخوان المسلمون سے تعلقات کو ختم کرنا اور ایران کے ساتھ رشتوں میں کمی کرنا شامل تھا۔

قطرنے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ بائیکاٹ کا مقصد اس کی سالمیت اور خودمختاری کو نقصان پہنچانا ہے۔

مصنف کے بارے میں

راوا ڈیسک

راوا آن لائن نیوز پورٹل ہے جو تازہ ترین خبروں، تبصروں، تجزیوں سمیت پاکستان اور دنیا بھر میں روزانہ ہونے والے واقعات پر مشتمل ہے

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Your email address will not be published. Required fields are marked *