شہزادہ فلپ کی آخری رسومات میں شاہی خاندان کی اہم روایت ختم

شہزادہ فلپ کی آخری رسومات میں شاہی خاندان کی اہم روایت ختم

71 views

شہزادہ فلپ کی آخری رسومات میں کوئی بھی شاہی خاندان کی اعلی شخصایت میں سے فوجی وردی نہیں پہنے گا، ملکہ برطانیہ نے احکامات جاری کردیئے ہیں۔

غانیہ نورین

شہزادہ فلپ کی موت برطانیہ کے شاہی خاندان کے لیے کسی صدمے سے کم نہیں ، ملکہ برطانیہ سے 74 سال کی رفاقت کی کہانی افسانوی حیثیت کی حامل ہے تاہم ہر خاندان کی طرح شاہی خاندان میں بھی خاندانی چپکلش کے آثار پائے جاتے ہیں، جسے شہزادہ فلپ کی آخری رسومات کے موقع پر دنیا بھر کے سامنے عیاں ہونے سے روکنے کے لیے ملکہ برطانیہ نے اہم احکامات جاری کردیئے ہیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ملکہ کے بیٹے شہزادہ اینڈریو اور پوتے شہزادہ ہیری کو کسی بھی قسم کی شرمناک صورتحال سے بچانے کے لیے ملکہ کی جانب سے یہ احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: پرنس فلپ کی آخری رسومات: شہزادہ ہیری برطانیہ پہنچ گئے

99 سال کی عمر میں وفات پانے والے شہزادہ فلپ کی آخری رسومات  17 اپریل کو ونڈسر محل میں ادا کی جائیں گی۔

بکنگھم پیلس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شہزادہ فلپ کی آخری رسومات میں شامل ہونے والے شاہی خاندان کے اراکین فوجی یونیفارم کے بجائے رسمی لباس میں ملبوس ہوں گے۔

شاہی خاندان کی روایات کے مطابق ایسے موقع پر خاندان کے اراکین ملٹری یونیفارم زیب تن کرتے ہیں تاکہ انہیں ملنے والے اعزازی عہدے بھی نمایاں ہوں تاہم شہزادہ ہیری کے شاہی ذمہ داریوں سے دستبردار ہونے کے بعد ان کے اعزازی فوجی عہدے بھی واپس لے لیے گئے تھے، جس کے بعد وہ اپنا فوجی یونیفارم پہننے کے اہل نہیں رہے۔

یہ بھی پڑھیں: برطانوی شاہی خاندان میں چھپے حیران کن راز

علاوہ ازیں ملکہ برطانیہ اور شہزادہ فلپ کے 61 سالہ بیٹے شہزادہ اینڈریو سے بھی ایڈمیرل کا اعزازی عہدہ واپس لے لیا گیا تھا جس کے بعد وہ اپنا فوجی یونیفارم نہیں پہن سکتے۔

جبکہ برطانوی اخبار کے مطابق شہزادہ اینڈریو نے اپنے والد کی آخری رسومات کی تقریب کے موقع پر اپنا فوجی یونیفارم پہننے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

بکنگھم پیلس کے ترجمان کے مطابق تقریب کی تمام تیاریاں ملکہ کے احکامات کے تحت کی گئی ہیں۔ شہزادہ فلپ کی آخری رسومات میں ملکہ سمیت خاندان کے 30 افراد شرکت کریں گے۔

آخری رسومات کے دن شہزادہ فلپ کا جسد خاکی خصوصی طور پر تیار کردہ لینڈ روور کے ذریعے سینٹ جارج چیپل لے جایا جائے گا۔

بیٹے شہزادہ چارلس سمیت شاہی خاندان کے اراکین شہزادہ فلپ کے جنازے کے پیچھے چلیں گے جبکہ ملکہ برطانیہ الگ سے چیپل جائیں گی۔ پچاس منٹ تک جاری رہنے والی تقریب کے دوران ملک بھر میں ایک منٹ کے لیے خاموشی اختیار کی جائے گی۔

واضح رہے کہ 9 اپریل کو ملکہ برطانیہ کے شوہر ڈیوک آف ایڈنبرا شہزادہ فلپ 99سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔ بکنگھم پیلس کے مطابق شہزاد فلپ کچھ دنوں سے بیمار تھے۔

مزید پڑھیں: ملکہ برطانیہ کے خاوند شہزادہ فلپ انتقال کرگئے

شہزادہ فلپ بادشاہ نہ بن سکے

شہزادہ فلپ 10جون 1921 کو یونانی جزیرے کورفو میں پیدا ہوئے، شہزادہ فلپ اور ملکہ الزبتھ دوم کی شادی 1947 میں ہوئی تھی، شہزادہ فلپ اور ملکہ ایلزبتھ کے 4 بچے ہیں جن کے نام چارلس، اینی، اینڈریو اور ایڈورڈ ہے۔

برطانیہ کے ننانوے سالہ شہزادہ فلپ کو اپنی ذمہ داریوں سے 2017 ہی میں مکمل طور پر سبک دوش کر دیا گیا تھا جس کے بعد وہ عوام کے سامنے کبھی کبھار ہی آتے تھے۔ زندگی کے ننانوے سال گزارنے کے باوجود وہ بادشاہ نہ بن سکے، ان کے بیٹے شہزادہ چارلس بھی 72 برس کے ہو چکے ہیں، اور وہ بھی تاحال بادشاہ نہیں بنے۔

Source:Urdu News
Content:Ghania Naureen

مصنف کے بارے میں

راوا ڈیسک

راوا آن لائن نیوز پورٹل ہے جو تازہ ترین خبروں، تبصروں، تجزیوں سمیت پاکستان اور دنیا بھر میں روزانہ ہونے والے واقعات پر مشتمل ہے

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Your email address will not be published. Required fields are marked *