2 808x454

بھارتی لیجنڈری اداکار دلیپ کمار طویل علالت کے بعد چل بسے

330 views

لیجنڈری ادکار دلیپ کمار ویسے تو کسی بھی تعارف کے محتاج نہیں اداکار دلیپ کمار صرف ایک اداکار ہی نہیں بلکہ انہوں نے اداکاری میں کئی نئی جہتوں کو تخلیق کیا۔

صبحین عماد

رومانس کی دُنیا میں ان کی مثال وہی ہے”جہاں بھی گئے داستان چھوڑ آئے“ان کے عہدِ شباب میں اس وقت کی کون سی بڑی اداکارہ تھی جو ان پر عاشق نہیں تھی۔ وہ کامنی کوشل ہو یا مدھوبالا،نرگس ہو یا مینا کماری، نمی ہو یا شیاما، وحیدہ رحمان ہو یا وجنتی مالا وہ کون تھی جس نے دلیپ صاحب سے محبت کا دم نہ بھرا ہو۔

یہ الگ بات ہے کہ خود ان کی نظر انتخاب سائرہ بانو پر پڑی اور وہ شریکِ حیات کی حیثیت سے آج بھی ان کے ہمقدم ہے۔ دلیپ کمار کو اگر رومانس کا شہنشاہ قرار دیا جائے تو بے جا نہ ہو گا ۔

یوسف خان عرف دلیپ کمار نے گیارہ دسمبر 1922 کو پشاور کے محلہ قصہ خوانی بازار کے لالہ غلام سرور خان کے ہاں آنکھ کھولی.

وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ انیس سو پینتیس میں ممبئی ( جو ان دنوں بمبئی تھا) کاروبار کے سلسلے میں منتقل ہوئے۔ اداکاری سے قبل یوسف خان  پھلوں کے سوداگر تھے اور انہوں نے پونا کی فوجی کینٹین میں پھلوں کی ایک سٹال لگا رکھی تھی۔1966 میں انہوں نے اداکارہ سائرہ بانو  سے شادی کی۔

اس زمانے کی معروف اداکارہ اور فلمساز دیو کی رانی کی جوہر شناس نگاہوں نے بیس سالہ یوسف خان میں چھپی اداکاری کی صلاحیت کو بھانپ لیا اور فلم ’جوار بھاٹا‘ میں دلیپ کمار کے نام سے ہیرو کے رول میں کاسٹ کیا۔ اس کے بعد سے اس شخص نے بھارتی فلمی صعنت پر ایک طویل عرصے تک راج کیا۔ اور آن۔ انداز۔ دیوداس۔ کرما۔ سوداگر جسی مشہور فلموں میں کام کیا۔

سنگ دل، امر، اڑن کھٹولہ، آن، انداز، نیا دور، مدھومتی، یہودی اور مغل اعظم ایسی چند فلمیں ہیں جن میں کام کرنے کے دوران میں انہیں شہنشاہ جذبات کا خطاب دیا گیا۔ لیکن انہوں نے فلم کوہ نور، آزاد، گنگا جمنا اور رام اور شیام میں ایک کامیڈین کی اداکاری کر کے یہ ثابت کیا کہ وہ لوگوں کو ہنسا نے کا فن بھی جانتے ہیں۔

جہاں انھیں بے شمار اعزازات سے نوازا گیا وہاں انھیں انڈین فلم کا سب سے بڑا اعزاز دادا صاحب پھالکے ایوارڈ بھی دیا گیا۔ پاکستان حکومت کی طرف سے 1998 میں ان کو پاکستان کے سب سے بڑے سیویلین اعزاز نشان پاکستان سے بھی نوازا گیا۔ بھارت کا دوسرا سب سے بڑا شہری اعزاز، 2015 میں پدم وبھیوشن سے نوازا گیا۔

آج اداکاری کے مغل اعظم اور  بھارتی  فلم انڈسٹری کا  سب سے  بڑا عہد تمام ہوا۔  دلیپ کمار کی زندگی کے دیے میں اب  تو روشنی نہ رہی  لیکن دلیپ کمار کی  بے مثل  اداکاری کی یادیں  فلمی  مداحوں کے دلوں میں ہمیشہ جاوداں رہینگی

مصنف کے بارے میں

راوا ڈیسک

راوا آن لائن نیوز پورٹل ہے جو تازہ ترین خبروں، تبصروں، تجزیوں سمیت پاکستان اور دنیا بھر میں روزانہ ہونے والے واقعات پر مشتمل ہے

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Your email address will not be published. Required fields are marked *