4 4 808x454

منشیات کیس: شاہ رخ خان کو بڑا دھچکا، آریان خان سینٹرل جیل منتقل۔

157 views

منشیات کیس میں گرفتار بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو آج بھی ضمانت نہ مل سکی۔

صبحین عماد

بھارتی میڈیا کے مطابق آریان خان کی ضمانت کی درخواست پر آج بھی سماعت نہ ہوسکی، آریان خان کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کو بدھ تک ملتوی کردیا گیا ہے۔

ممبئی سیشن کورٹ نے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کو منشیات کیس میں بدھ تک اپنا جواب جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔

آریان کے معاملے پر دلائل دیتے ہوئے وکیل امیت دیسائی نے درخواست کی تھی کہ ان کی ضمانت کی درخواست پر آج سماعت کی جائے۔

  یہ پڑھیں: نشہ جو سر چڑھ کر بولے:بالی ووڈ کنگ خان کا بیٹا منشیات کیس میں گرفتار

وکیل نے اپنے دلائل میں دعویٰ کیا کہ آریان کے پاس سے کسی قسم کی منشیات برآمد نہیں ہوئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مجموعی طور پر 13 اکتوبر کو آریان خان سمیت ان کے ساتھ گرفتار کی گئی دو خواتین منمن دھمیچا اور نوپور سریکا سمیت مجموعی طور پر 4 افراد کی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوگی۔

وکلا نے بتایا کہ اگر عدالتی شیڈول کے مطابق چاروں افراد کی درخواست ضمانت کی سماعت ممکن نہ ہوسکی تو صرف آریان خان کی درخواست پر سماعت کی جائے گی۔

آریان خان نے اعتراف کرلیا۔

انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق انہیں خصوصی طور پر موصول ہونے والے نارکوٹکس کنٹرول بیور (این سی بی) پنچ نامہ میں یہ انکشاف سامنے آیا کہ آریان خان نے اعتراف کیا کہ ان سمیت ان کے دوست کے پاس 6 گرام چرس موجود تھی تاکہ وہ کروز پر استعمال کرسکیں۔

پنچ نامہ، جو کہ تلاشی کے وقت لیا گیا گواہ کا ریکارڈ ہے، اس وقت ریکارڈ کیا گیا تھا جب این سی بی کی ٹیم نے جہاز پر منشیات استعمال کیے جانے کی خفیہ اطلاع ملنے کے بعد ممبئی کے ساحل پر موجود کورڈیلیا کروز پر چھاپا مارنے کے بعد آریان خان اور ارباز مرچنٹ تک رسائی حاصل کی۔

انسداد منشیات ایجنسی نے آریان خان اور ارباز مرچنٹ کو گزٹیڈ افسران کے سامنے تلاش کرنے کی پیشکش بھی کی تھی لیکن دونوں نوجوانوں نے انکار کر دیا تھا۔

ارباز مرچنٹ نے این سی بی افسر کو بتایا کہ وہ آریان خان کے ساتھ منشیات استعمال کرتے ہیں اور وہ اسی مقصد کے لیے کروز شپ کے اندر جارہے تھے۔

جب آریان خان سے پوچھا گیا تو انہوں نے بھی چرس استعال کرنے کا اعتراف کیا اور تصدیق کی کہ وہ کروز لائنر پر سوار ہوتے ہوئے ارباز مرچنٹ سے پکڑی گئی منشیات استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

شاہ رخ خان نے کھانا پینا چھوڑ دیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بڑے بیٹے آریان کی گرفتاری نے اداکار کو مبینہ طور پر بے حد متاثر کیا ہے جب کہ موجودہ دور ان کی زندگی کا مشکل ترین وقت ہے۔

شاہ رخ کے قریبی دوست نے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ سپر اسٹار خود کو بہت پرسکون اور مطمئن ظاہر کررہے ہیں لیکن درحقیقت وہ غم و غصے کی کیفیت سے دوچار ہیں۔

اداکار کے دوست نے مزید بتایا کہ جب سے آریان منشیات کے کیس میں گرفتار ہوئے ہیں تب سے شاہ رخ ٹھیک طرح سے سو نہیں پائے، نہ ہی وہ صحیح سے کھانا کھا رہے ہیں، بیٹے کی گرفتاری نے انہیں بالکل توڑ کر رکھ دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق شاہ رخ کا خیال تھا کہ آریان کی ضمانت منظور ہوجائے گی اور وہ گھر لوٹ آئے گا جب کہ اداکار نے پیر سے اپنے کام کا دوبارہ آغاز کرنا تھا لیکن توقعات کے برعکس بیٹے کی ضمانت ممبئی کی مقامی عدالت نے مسترد کردی جس کے باعث اداکار نے اپنے کام کو ملتوی کردیا۔

خیال رہے کہ آریان کو 4 اکتوبر کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے انہیں 7 اکتوبر تک نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے حوالے کیا تھا۔

بعدازاں 7 اکتوبر کو آریان کی درخواست ضمانت مسترد کردی گئی تھی اور انہیں 7 ملزمان سمیت 14 روز کیلئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا، 23 سالہ آریان خان ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں ہیں۔

source: media reports
content: sabheen ammad

مصنف کے بارے میں

راوا ڈیسک

راوا آن لائن نیوز پورٹل ہے جو تازہ ترین خبروں، تبصروں، تجزیوں سمیت پاکستان اور دنیا بھر میں روزانہ ہونے والے واقعات پر مشتمل ہے

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Your email address will not be published. Required fields are marked *