6 21 808x454

احتیاط! کراچی میں کورونا وائرس بےقابو ، مثبت کیسز کی شرح پچاس فیصد کے قریب

35 views

شہر  قائد  کورونا  وائرس  ایک  بار  پھر  بے  قابو  ہو  گیا  ہے  اور  مثبت  کیسز کی  شرح  خطرناک  حد  تک  بڑھ  گئی  ہے۔ 

حرا  خالد

کراچی میں کورونا کیسز  میں اضافے کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور مثبت کیسز کی شرح بڑھ کر 50 فیصد کے قریب پہنچ گئی ہے۔محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ روز شہر میں 6 ہزار 760 افراد کے کورونا کے ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 3 ہزار 149 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

حکام محکمہ صحت کا بتانا ہے کہ کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مثبت کیسز کی شرح 47.56 فیصد ریکارڈ کی گئی۔حیدرآباد میں بھی کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 17.27 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی کراچی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 41 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔

اسلام آباد میں بھی کورونا کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا، دو سال میں پہلی بار ایک روزمیں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں اسلام آباد میں ایک ہزار 359 کیس سامنے آئے، مثبت کیسز کی شرح اٹھارہ اعشاریہ نوایک فیصد رپورٹ ہوئی۔

ملک میں کورونا وائرس کی وبا کی صورتحال کو مانیٹر کر کے اقدامات تجویز کرنے والے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے جمعے کو بتایا ہے کہ  پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 7 ہزار 678 نئے کیسز سامنے آگئے جو وبا کے آغاز سے اب تک ایک روز میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

علاوہ ازیں مزید 23 مریض وبا کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے، یوں اب تک کورونا وائرس کے سبب ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 29 ہزار 65 ہوگئی ہے۔

رواں ہفتے کورونا مثبت کیسز کی دس فیصد شرح تک پہنچنے والے شہروں میں این سی او سی کی ہدایت کی روشنی میں مختلف عارضی پابندیوں کا نفاذ کیا گیا۔

وبا کے پھیلاؤ کی صورتحال کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے ساتھ حیدرآباد میں اِن ڈور ڈائننگ پر پابندی لگائی جا چکی ہے۔

پبلک ٹرانسپورٹ کو 70 فیصد افراد کی گنجائش کے ساتھ کام جاری رکھنے کی ہدایات کی گئی جبکہ سینما، مزارات اور پارکس میں بھی 50 فیصد افراد کی شرط عائد کر دی۔  ٹرینیں 80فی صد گنجائش کے ساتھ چلائی جائیں گی۔

علاوہ ازیں ان علاقوں میں 12 سال سے کم عمر بچوں کے لیے 50 فیصد حاضری کے ساتھ ایک دن چھوڑ کر ایک دن اسکولز کھولنے کی ہدایت کی گئی ہے اور 12 سال سے زائد عمر کے بچوں کی ویکسینیشن کے ساتھ 100 فیصد حاضری کی اجازت دی گئی ہے۔

وبا سے بچاؤ کے لیے ملک میں ویکسینیشن کا سلسلہ بھی جاری ہے اور اب تک مجموعی طور پر 17 کروڑ 6 لاکھ 49 ہزار 149 ویکسینز لگائی جاچکی ہیں۔

مصنف کے بارے میں

راوا ڈیسک

راوا آن لائن نیوز پورٹل ہے جو تازہ ترین خبروں، تبصروں، تجزیوں سمیت پاکستان اور دنیا بھر میں روزانہ ہونے والے واقعات پر مشتمل ہے

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Your email address will not be published. Required fields are marked *