3 1 5 808x454

بھارتی میزائل کی پاکستانی حدود کی خلاف ورزی پر شاہ محمود قریشی کا اقوام متحدہ سے رابطہ

44 views

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹریس سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے 9 مارچ کو بھارت کی جانب سے پاکستان کی حدود میں میزائل فائر کرنے سے متعلق آگاہ کیا۔

رپورٹس کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے کہاکہ واقعہ پاکستان کی فضائی حدود کی کھلی خلاف ورزی ہے اور اس بات کا عکاس ہے کہ بھارت کو فضائی سیفٹی اور علاقائی سلامتی کی کوئی پرواہ نہیں۔

وزیرخارجہ نے مطالبہ کیا کہ اس واقعے کی مشترکہ تحقیقات کی جائیں، یہ واقعہ بھارت کے غیر ذمے دار رویے کو ظاہر کرتا ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سمیت بین الاقوامی برادری کو چاہیے کہ اس پر توجہ دے۔

دوسری  جانب  امریکا نے پاکستان میں بھارتی میزائل گرنے کے معاملے پر تبصرے سے انکار کردیا ہے، اس حوالے سے ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ بھارتی وزارت دفاع نے واقعے کو حادثہ قراردیا ہے۔

واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نیڈ پرائس نے کہا کہ میزائل گرنے کے معاملے پر اس سے زیادہ کچھ نہیں کہہ سکتے۔

ترجمان امریکی محکمہ  خارجہ نے بھارت میں یورینیم چوری اورگرفتاریوں سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں اس خاص واقعے سے واقف نہیں ہوں،  میں یہ کہوں گا کہ دنیا بھر میں جوہری تحفظ خصوصاً جوہری ہتھیار رکھنےوالے ممالک کے درمیان ہمیشہ بات چیت ہوتی ہے جو جاری رہتی ہے۔

خیال رہے کہ 9مارچ کو  بھارت سے ایک سپرسانک میزائل 250 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرکے پاکستان میں گرا تھا، بھارتی میزائل 40 ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کرتے ہوئے پاکستانی علاقے میں گرا تھا۔

مصنف کے بارے میں

راوا ڈیسک

راوا آن لائن نیوز پورٹل ہے جو تازہ ترین خبروں، تبصروں، تجزیوں سمیت پاکستان اور دنیا بھر میں روزانہ ہونے والے واقعات پر مشتمل ہے

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Your email address will not be published. Required fields are marked *