Pakistan Team Selection 808x454

کیا ورلڈکپ ٹی ٹوئنٹی کے لیے ٹیم پاکستان کی سلیکشن فلم لگان سے متاثر ہے

26 views

کبھی کبھی مجھے پاکستان کرکٹ ٹیم کی سلیکشن دیکھ کر عامر خان کی مشہور زمانہ فلم لگان یاد آ جاتی ہے۔ لگان میں عامر خان 11 کھلاڑی پورے کرنے کے لیے ہر اس کھلاڑی کو ٹیم میں شامل کر لیتے ہیں جو فٹ نہیں ہوتا۔ایسے محسوس ہوتا ہے جیسے پاکستان کی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن بھی اس فلم سے متاثر ہو کر کی گئی ہے۔

محمد فیاض(ابوظہبی)

جنوبی افریقہ نے بھارت کو ورلڈکپ ٹی ٹوئنٹی 2022 میں شکست دے دی۔ جنوبی افریقہ کی اس جیت سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سمیی  فائنل میں پہنچنے کے امکانات تقريبا ختم ہو گئےہیں۔ جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم مجھے اب تک اس ٹورنامنٹ کی سب سے خطرناک ٹیم نظر ائی ہے۔

اگر جنوبی افریقہ کی بلے بازی کی بات کی جائے تو جنوبی افریقہ کے پہلے پانچ بلے باز ایسے بلے باز ہیں جو سب کے سب میچ ونرز کہے جا سکتے ہیں۔جنوبی افریقہ کی باولنگ اس وقت متوازن باولنگ ہے۔

ان کے پاس باولنگ کی کافی آپشنز موجود ہیں جو بروقت استعمال کی جا سکتی ہیں۔ بہترین فیلڈنگ تو ہمیشہ سے ہی جنوبی افریقہ کی ٹیم پہچان ہے۔مجھے ایسے محسوس ہو رہا ہےجیسے ورلڈکپ ٹی 20 2022 اس بار افریقہ میں جائے گا۔( اگر قسمت کی دیوی مہربان رہی)

دوسری طرف پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے اتوار کے روز آسٹریلیا کی سر زمین پر بین الاقوامی ٹی میچوں میں اپنی پہلی فتح حاصل کی۔ہالینڈ کی کرکٹ ٹیم کے خلاف یہ فتح پاکستان کی کرکٹ ٹیم کی ٹی 20 ورلڈکپ 2022 میں بھی پہلی فتح تھی

مزید پڑھیں:

زمبابوے سے اپ سیٹ شکست ٹیم پاکستان نے قسم کھا رکھی ہے اپنی

پاکستانی گیندبازوں نے ایک بار پھر زبردست گیند بازی کی اور ہالینڈ کی کرکٹ ٹیم کو صرف91 رنز تک محدود رکھا۔ جواب میں پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے یہ ہدف 13.5اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔محمد رضوان نے 49 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان اور ہالینڈ کے میچ کے بعد پاکستان کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہا ” کوشش کررہا ہوں کہ میچ والی فٹنس بھی پوری طرح حاصل کرلوں” میرے خیال میں شاہین شاہ آفریدی کے یہ الفاظ پاکستان کی کرکٹ ٹیم کی ورلڈکپ کے لیے پوری تیاری اور سلیکشن کو بیان کرنے کے لیے کافی ہیں۔

مزید پڑھیں:

ورلڈ کپ کی پہلی شکست بابر اعظم کے نام

جب پوری دنیا کی کرکٹ ٹیمیں ٹی 20 ولڈکپ کے لیے اپنے بہترین سے بہترین سے کھلاڑیوں کو فٹ نا ہونے کی وجہ سے ڈراپ کر رہی تھیں تب ہم نے تین ایسے کھلاڑیوں کو ورلڈکپ کے لیے منتخب کیا جو مکمل طور پر فٹ نہیں تھے۔

یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں بلکہ پوری دنیا یہ بات جانتی تھی کہ فخر زمان، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان قادر ٹی 20 ورلڈکپ 2022 کے لیے فٹ نہیں۔مگر پھر بھی چیف سلیکٹر محمد وسیم کا لیپ ٹاپ اس بات کی نشاندہی نا کر سکا کہ ان فٹ کھلاڑیوں کو ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل کرنے کا کتنا نقصان ہو سکتا ہے۔

مزید پڑھیں:

انوکھا لاڈلا: پاکستان کے چیف سلیکٹر کا لیپ ٹاپ آخر کب اپڈیٹ ہوگا

دنیا کے بڑے سے بڑے کھلاڑی کو بھی فٹنس مسائل سے چھٹکارا حاصل کرنے کے بعد میچ فٹنس حاصل کرنے میں تھوڑا وقت لگتا ہے مگر پاکستان کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ نے شاہین شاہ آفریدی کو فٹنس مسائل سے چھٹکارا حاصل کرنے کے بعد سیدھا ورلڈکپ جیسے بڑے ٹورنامنٹ میں اتارا جس کا نتیجہ ہم سب نے دیکھ لیا۔

میرا سوال پاکستان کرکٹ ٹیم کے ارباب اختیار سے ہےکہ اگر شاہین شاہ آفریدی میچ کے لیے مکمل طور پر فٹ نہیں تھے تو ایسی کون سی مجبوری تھی جس کی وجہ سے ان کو اب تک ورلڈکپ ٹی ٹوئنٹی 2022 کے تمام میچز میں کھلایا گیا ہے؟

مزید پڑھیں:

روک سکو تو روک لو یہی لڑکے ہیں یہی کھیلیں گے

محمد حسنین جو ٹیم کے ہمراہ ہیں اور ان کا آسٹریلیا میں کافی تجربہ بھی ہےاور سب سے بڑھ کر مکمل طور پر فٹ ہیں ان کو کیوں نہیں آزمایا گیا؟ شاہین شاہ آفریدی کو پلینگ الیون میں شامل کرنے کے لیے نیوزی لینڈ کے خلاف جس ٹیم نے سہ ملکی ٹورنامنٹ جیتا تھااس کو کیوں تبدیل کیا گیا؟

مجھے ان لوگوں کی سوچ پر ہنسی آ رہی ہےجو یہ کہہ رہے ہیں کہ بھارت کی کرکٹ ٹیم نے پاکستان کی کرکٹ ٹیم کو ورلڈکپ سے باہر کروایا ہے اور بھارت کی کرکٹ ٹیم جان بوجھ کر جنوبی افریقہ سے میچ ہاری ہے۔

ان عقل کے اندھوں سے کوئی یہ پوچھے کہ کیا بھارت کی کرکٹ ٹیم نے پاکستان کی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کی تھی؟ کیا انڈین کرکٹ بورڈ نے لیپ ٹاپ چیف سلیکٹر کو یہ کہا تھا کہ ٹیم کے ساتھ تین ان فٹ کھلاڑیوں کو لے کر جاو؟ کیا دنیا کی کوئی دوسری کرکٹ ٹیم اپنی ناکامیوں کا سہرا کسی اور ٹیم کے سر پر سجاتی ہے؟

پاکستان کی کرکٹ زمبابوے کی کرکٹ ٹیم سے تو جیت نہیں سکتی اور ہم امید لگائے بیٹھے ہیں کہ یہ ٹیم ٹی 20 ورلڈکپ جیت جائے گی؟

مصنف کے بارے میں

راوا ڈیسک

راوا آن لائن نیوز پورٹل ہے جو تازہ ترین خبروں، تبصروں، تجزیوں سمیت پاکستان اور دنیا بھر میں روزانہ ہونے والے واقعات پر مشتمل ہے

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Your email address will not be published. Required fields are marked *