mera dil yepukaray ajaa 808x454

آج کل وائرل میرا دل یہ پکارے آجا گیت سے جڑی کچھ مزیدار باتیں

266 views

آج کی جنریشن zee جو کورین پاپ سننے کی عادی ہے جس کو ریپ سانگ  کی عادت ہے اور جس کے کانوں کولاؤڈ میوزک کی عادت ہو۔ اس کو کیا پتہ کہ برصغیر کے مشہورموسیقارو گلوکار ہیمنت کمار کون تھے اورنغمہ نگار راجندر کرشن کون تھے۔ مگر سوشل میڈیا پر وائرل میرا دل یہ پکارے آجا گیت پر ڈانس کرتی ٹک ٹاکر کی وڈیو کا سب کو پتہ ہے ۔

فہمیدہ یوسفی

سال 2021 میں دانا نیر کی پاوری ہورہی ہے وڈیو نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی تھی اور راتوں رات دانا نیر ایک اسٹار بن کر سامنے آئی تھیں۔ لیکن اس سال ایک شادی کے دوران کیے جانے والے رقص کی وڈیو کلپ اس قدر مشہور ہوئی ہے ۔ جس نے مقبولیت کے تمام اگلے پچھلے ریکارڈ توڑدئیے ہیں ۔

میرا خیال ہے جس وقت عائشہ نے 68 برس قبل ریلیز ہونے والی اپنے دور کی مشہور زمانہ فلم ’ناگن‘ کے گیت میرا دل یہ پکارے آجا کا رقص کے لیے انتخاب کیا ہوگا تو اس وقت شاید انہیں بھی اندازہ نہیں ہوگا کہ نہ صرف ان کا رقص بلکہ یہ گیت دوبارہ سماعتوں میں رس گھولے گا۔

1953 میں اپنے منفرد موضوع پر بننے والی فلم ناگن نے مقبولیت کے سارے ریکارڈ توڑ ڈالے تھے ۔ سانپوں کے انتقام پر بننے والی اس فلم نے اس موضوع کو فلم سازوں کی توجہ کا مرکز بنادیا تھا اور اس فلم کی بلاک بسٹر کامیابی کے بعد بالی وڈ میں اس موضوع پر ایک سے بڑھ کر ایک ہٹ فلم بنی ۔

سپرہٹ فلم  ناگن میں اپنے دور کی بہترین اداکارہ رقاصہ وجنتی مالا نے ناگن کا کردار ادا کیا تھا جبکہ ان کے ہیرو کے طور پر اس فلم میں پردیپ کمار تھے۔

فلم ناگن کی میں کل  13 گانے تھے  جو ایک سے بڑھ کر ایک تھے خاص طور پرمن ڈولے میرا تن ڈولے  اور تیرے دووارکھڑا ایک جوگی  نے تو جیسے سننے والوں پر نشہ سا طاری کردیا تھا ۔

بین کی آوازپر  فلم ناگن کا گانا  میرا تن ڈولے تو اس قدر مقبول ہوا تھا کہ یہ آج بھی اگر کہیں بجایا جاتا ہے تو لوگ اسی ذوق اور شوق سے سنتے ہیں ۔ اس گانے کی دھن ترتیب دینے والے  موسیقارو گلوکار ہمینت کمار تھے اور لتا منگیشکر جیسے شہرہ آفاق آواز نے اس گانے کو امر کردیا ۔

جبکہ ناگن کے بہروپ میں وجنتی مالا کے رقص نے اس گانے کو وہ شہرت دوام بخشی جس کا مقابلہ اس کے بعد ناگن بننے والی رینا رائے اور سری دیوی جیسی اداکارائیں بھی نہ کرسکیں۔

فلم ناگن کے لیے موسیقی ترتیب دینے والے ہیمنت کمار نہ صرف بہترین گلوکار تھے بلکہ بہت ہی منفرد موسیقار بھی تھے ۔انہوں نے بطور موسیقار ’بیس سال بعد،‘ ’صاحب بی بی،‘ ’غلام،‘ ’خاموشی‘ اور ’کُہرا‘ جیسی فلموں کے لیے بھی موسیقی بھی ترتیب دی ۔ لیکن بطور موسیقار جیسی دھنیں انہوں نے فلم ناگن کے لیے تخلیق کی تھیں اس کی مثال نہیں ملتی ۔

لیکن دوسری جانب اسی گانے کی وجہ سے فلم کے باقی  گانے  اس طرح کی توجہ حاصل نہیں کرسکے ۔اس فلم  ناگن کا ایک گیت تھا میرا دل یہ پکارے آجا جو وجنتی مالا پر پکچرائز ہوا تھا اور اس گیت پر وجنتی مالا کسی قسم کا کوئی رقص نہیں کررہی ہیں بلکہ وجنتی مالا نے غم و الم کی ایسی منظر کشی کی ہے کی دیکھنے والوں کو بھی اداس کردیا تھا۔

گیت میرا دل یہ پکارے آجا کے بول اتنے سادہ اور دل کو چھولینے والے ہیں کہ لگتا ہے نغمہ نگار راجندرکرشن نے انتظار،آس اور امید کے احساسات کو الفاظ کا روپ دے دیا ہے۔

میرا دل یہ پکارے آجا

میرے غم کے سہارے آجا

بھیگا بھیگا ہے سماں

ایسے میں ہے تو کہاں

میرا دل یہ پکارے آجا

تُو نہیں تو یہ رُت یہ ہوا کیا کروں

دور تجھ سے میں رہ کے بتا کیا کروں

سونا سونا ہے جہاں اب جاؤں میں کہاں

بس اتنا مجھے سمجھا جا

آندھیاں وہ چلیں آشیاں لُٹ گیا

پیار کا مسکراتا جہاں لُٹ گیا

اک چھوٹی سی جھلک میرے مٹنے تلک

او چاند! مرے دکھلا جا

منہ چھپا کے مری زندگی رو رہی

دن ڈھلا بھی نہیں شام کیوں ہو رہی

تیری دنیا سے ہم لے کے چلے تیرا غم

دم بھر کے لیے تو آجا

فلم میں تو اس گیت میں ہیروئین رنج و الم کی تصویر بنی ہوئی ہے اور شاید اس وقت کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ شادی جیسی خوشی کے موقع پرکوئی اس اداس گیت کو مہندی کے فنکشن پر رقص کے لیے منتخب کریگا اور اس گیت کی لے تال کو اپنے قدموں کے ساتھ ایسا میل دیگا کہ دیکھنے والے اس کو جب بھی دیکھیں گے ان کا دل نہیں بھریگا۔

ٹک ٹاکر عائشہ نے اپنی دوست کی مہندی کے فنکشن میں اس گیت پر انتہائی سادگی اورخوبصورتی سے رقص کیا ہے کہ اس کے چرچے  پاکستان سے نکل کر ہالی وڈ تک پہنچ گئے ۔

دیکھنے والے عش عش کر اٹھے اور کہنے پر مجبور ہوگئے میرا دل یہ پکارے آجا ۔

 

مصنف کے بارے میں

راوا ڈیسک

راوا آن لائن نیوز پورٹل ہے جو تازہ ترین خبروں، تبصروں، تجزیوں سمیت پاکستان اور دنیا بھر میں روزانہ ہونے والے واقعات پر مشتمل ہے

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Your email address will not be published. Required fields are marked *