atlaslions 720x454

ایٹلس لائنز مراکش کی فٹبال ٹیم نے تو وہ کردکھایا جو کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا

41 views

جہاز نے ابھی ابھی ابو ظہبی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے اڑان بھری ہے۔ جیسے ہی جہاز فضا میں بلندی کی طرف جا رہا ہے میرے ذہن میں قطر میں ہونے والا فیفا فٹبال ورلڈ کپ آ رہا ہے۔ فضا میں جہاز کی اڑان سے مجھے مراکش کی فٹبال ٹیم یاد آ رہی ہے۔ پہلی بار سیمی فائنل میں جگہ بنانے والی مراکش کی فٹبال ٹیم ہمت، حوصلے اور جذبے کا ایسا نام ہے جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

محمد فیاض( ابو ظہبی )

ایڈیٹنگ: فہمیدہ یوسفی

فیفا ورلڈ کپ2022 سیمی فائنل تک آن پہنچا ہے اور اس فیفا ورلڈ کپ میں ہونے والے اپ سیٹس نے   تمام دنیا کو حیرت میں مبتلاکردیاہے۔

اسابق ورلڈ چیمپئن جرمنی کی فٹبال ٹیم ہو ہو یا اسپین ،سب سے زیادہ مضبوط سمجھی جانے والی برازیل کی فٹبال ٹیم ہو یا ہالینڈ کی ٹیم یا پھر کرسٹانو رونالڈو کی پرتگال  سب قطر سے واپس اپنے ملک کے لیے اڑان بھر چکے ہیں۔

 اس ورلڈ کپ میں جس ٹیم نے سب کو متاثر کیا ہے وہ مراکش کی فٹبال ٹیم ہے۔تاریخ میں پہلی بار کوئی افریقی عرب مسلم اکثریتی ٹیم فیفا ورلڈکپ کا سیمی فائنل کھیلنے جارہی ہے۔

ایٹلس لائنز کہلائے جانے والی مراکشی ٹیم کا دفاع ناقابل یقین ہے ابھی تک ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست مراکش ٹیم کے خلاف کوئی ٹیم گول نہیں کرسکی ہے جس میں کروشیا ،بیلجیم ، اسپین اور پرتگال شامل ہیں۔ ابھی تک صرف ایک اوون گول ہے جو کینیڈا کے خلاف ہوا۔

قطر میں ہونے والے فیفا کے اس ورلڈ کپ کے ابتدائی راؤنڈ میں مراکش کی ٹیم کینیڈا، بیلجیئم اور کروشیا کی ٹیموں کے ساتھ گروپ ایف میں شامل تھی۔ بیلجیئم اور کروشیا کی فٹبال ٹیموں کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ مراکش کی فٹبال ٹیم کا اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنا کا مشکل ہے۔

مگر مراکش کی فٹبال ٹیم نے سب کے اندازوں کو غلط ثابت کرتے ہوئے کروشیا کی فٹبال ٹیم کے ساتھ گروپ ایف سے دوسرے مرحلے کے لئے کوالیفائی کیا۔

مراکش کی ٹیم نے دوسرے مرحلے کے لئے کوالیفائی کیا تو وہاں ان کا مقابلہ ایک طرح کی ان کی حریف سمجھی جانے والے اسپین کی فٹبال ٹیم سے تھا۔ اس میچ میں مراکش کی فٹبال ٹیم ایک سیسہ پلائی ہوئی ہوئی دیوار بن کر سامنے آئی۔

اسپین کی ٹیم نے گول کی بہت کوشش کی مگر وہ مراکش کے مضبوط دفاع کو توڑنے میں ناکام رہے۔ مقررہ وقت پر مقابلہ صفر صفر سے برابر رہنے کے بعد اضافی وقت میں بھی کوئی ٹیم گول نا کر سکی اور میچ کا فیصلہ پینلٹی ککس پر ہوا۔

پینلٹی ککس پر اسپین کی ٹیم کوئی بھی گول نا کر سکی اور اس طرح مراکش نے اسپین کو ہرا کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔

مراکش کی فٹبال ٹیم نے پری کوارٹر فائنل میں اسپین کی ٹیم کو پینلٹی ککس پر شکست دی تو انہوں نے ایک نئی تاریخ رقم کی۔ مراکش کی فٹبال ٹیم عرب دنیا کی پہلی اور افریقہ کی چوتھی ٹیم ہے جس نے فیفا ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی ۔

تاہم اس بار شاید مراکش ٹیم نے یہاں رکنے پراکتفا نہیں کیا بلکہ انہوں نے وہ کر دکھایا جس کی کسی کو بھی امید نہیں تھی۔

 کوارٹر فائنل میں ان کا مقابلہ رونالڈو کی پرتگال سے تھا جہاں خیال کیا جارہا تھا کہ جیسا ماضی میں افریقن ٹیمیں جن میں سینیگال  کیمرون اور گھانا شامل ہیں  کے سفر کی طرح مراکشی ٹیم کا سفر بھی شاید کوارٹر فائنل میں ختم ہوجائیگا۔

لیکن یوسف النصیری کی غیرمعمولی چھلانگ اور حیرت انگیز ہیڈر نے جب فٹبال پرتگال کے نیٹ میں پہنچادی تو اس کے بعد مراکشی ٹیم نے وہی کیا جو وہ باقی ٹیموں کے ساتھ کرتے آرہے تھے۔

انہوں نے رونالڈو کی پرتگال کے خلاف شاندار دفاعی پیش کرتے ہوئے گھر بھیج دیا ہے ۔ اب ان کا مقابلہ سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن فرانس سے ہوگا۔

مراکش کی فٹبال ٹیم کے  زیادہ تر کھلاڑی اسپین میں یا تو پیدا ہوئے یا پھر وہاں کی لیگز میں کھیلتے ہیں۔ اس کی ایک مثال فیفا ورلڈ کپ 2022 میں سب کی نگاہوں کا تارہ بننے والے مراکش کے فٹبالر اشرف حکیمی کی ہے۔

اشرف حکیمی پیدا تو اسپین میں ہوئے مگر انہوں نے فٹبال کھیلنے کے مراکش کا انتخاب کیا اور آج مراکش کی جانب سے شہرت کی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔

 یوسف النصیری کے ناقابل یقین ہیڈر نے بھی سب کی نظریں ان کی جانب مرکوز کردی ہیں ۔ جبکہ مراکش کے کھیل پرفٹبال کے ہر فین نے نگاہیں جمالی ہیں ۔

مراکش کی فٹبال ٹیم نے جو اڑان بھری ہے وہ کہاں جا کر اختتام کو پہنچتی ہے اس کا فیصلہ تو آنے والا وقت کرے گا مگر ہمارے جہاز نے جو ابو ظہبی سے اڑان بھری تھی اس کے اترنے کا وقت ہوا چاہتا ہے۔

مصنف کے بارے میں

راوا ڈیسک

راوا آن لائن نیوز پورٹل ہے جو تازہ ترین خبروں، تبصروں، تجزیوں سمیت پاکستان اور دنیا بھر میں روزانہ ہونے والے واقعات پر مشتمل ہے

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Your email address will not be published. Required fields are marked *