راوا ڈیسک
راوا آن لائن نیوز پورٹل ہے جو تازہ ترین خبروں، تبصروں، تجزیوں سمیت پاکستان اور دنیا بھر میں روزانہ ہونے والے واقعات پر مشتمل ہے
کیلینڈ پر تاریخ ، دن اور سال دونوں تبدیل ہوگئے ہیں اورموسم بھی مزید سرد ہوتا جارہا ہے ۔ ملک میں موسم سرما کی بارشیں شروع جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری بھی شروع ہوگئی ہے ۔سردیوں کے موسم میں ہر منظر جیسے دھندلا سا جاتا ہے کیونکہ ہرسو دھند چھاجاتی ہے ۔ اس دھند میں راستہ ڈھونڈنا بہت ہی دشوار ہوجاتا ہے کیونکہ تاحد نگاہ کچھ دکھائی نہیں دیتا۔
ایسا لگتا ہے کہ اس دھند نےمیدانی اور پہاڑی علاقوں کو ہی نہیں بلکہ بصارتوں کو سماعتوں کو اور جذباتوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے
بے حسی کی ، خودغرضی کی اور انا کی اس دھند میں ہر منظر دھندلا گیا ہے۔ کچھ سمجھ نہیں آرہا ہر راستہ دھند میں گم ہوتا جارہا ہے اور ہم اس دھند میں بس بھٹکتے چلے جارہے ہیں۔
ہر گزرتا لمحہ خطرات کو بڑھا ہی رہا ہے کم نہیں کررہا ادھر ملک ڈیفالٹ کی سرحد ریڈ لائن پر آن پہنچا ہے۔
لیکن لندن کے ایون فیلڈ کے ایوان سے لاہورکے زمان پارک اور بلاول ہاوس تک بےحسی کی دھند چھائی ہوئی ہے ۔
سوال بھی پوچھیں تو کیا پوچھیں کس سے پوچھیں اس سرد دھند میں تو ہر منظر پر مایوسی چھائی ہوئی ہے ۔
ادھر بلوچستان اور کے پی میں پھر دہشت گردی نے سر اٹھالیا ہے۔
ابھی تو بلوچستان میں سیلاب سے متاثر لوگوں کی بحالی مکمل نہیں ہوئی ہے ۔ وہاں کی عورتیں اور بچے اپنے گھر کے لاپتہ مردوں کو تلاش کرتے پھررہے ہیں اور اب وہاں ممکنہ طور پر آپریشن ہوگا ۔
بلوچستان میں اس وقت ہر طرف برف پڑی ہے موسم شدید سرد ہے ایسے میں بھوکے بیمار سردی سے متاثرہ بچے اور یہ غریب ، کمزور عورتیں بے بسی سے پوچھ رہے ہیں وہ کیا کرینگے کہاں جائینگے ۔
لیکن ہماری سیاسی قیادت کی سماعتوں پرتو دھند چھاگئی ہے انہیں کچھ سنائی نہیں دے رہا ہے ۔
آٹھ سال سے کے پی کی صوبائی حکومت سے صوبے کا امن نہیں سنبھالا گیا اب پھر کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی اور سیکورٹی فورسز آمنے سامنے ہیں ۔
اپنی حکومت کی خاطر دہشت گردوں کو پناہ دیکر مضبوط کرنے کا سوال کیا ہوسکے گا مگرا س میں تو ان پردہ نشینوں کے نام آجاتے ہیں جن کا نام ہماری سیاسی قیادت اپنے جلسوں میں بیانات میں کرتی رہتی ۔
لیکن نگاہیں اسی نظر کرم کی محتاج رہتی ہیں ۔
ایک دوسرے کو تباہ کرنے کے چکر میں ہمارے حکمرانوں کی خود غرضی کی دھند نے عام آدمی کے لیے اپنے لیے بددعائیں چھوڑی ہیں۔
آٹا مہنگا ، تیل مہنگا ، چینی مہنگی ،پٹرول مہنگا سبزی گوشت کچھ بھی تو قابو میں نہیں ۔ لگتا ہے ہر طرف بے حسی کی دھند چھائی ہوئی ہے جونہ کچھ نظر آرہا ہے نہ سنائی دے رہا ہے۔
کہیں بھوک سے روتے بچے کہیں تشدد سے مرتی عورتیں کہیں پولیس اور ڈاکووں کی اندھی گولیوں کا نشانہ بننے والوں کی خبریں پڑھتے اور دیکھتے آنکھوں کے سامنے دھند چھا ہی جاتی ہے ۔
طاقت اور انا کی جنگ لڑتے لڑتے اندازہ ہی نہیں تھا کہ ہم تباہی کہ کس دہانے پر آگئے ہیں ۔ مگر اس سوال کا جواب دینے والوں کی سماعتوں پر بھی تو بے حسی کی دھند چھائی دھند چھائی ہوئی ہے ۔
خودغرضی کی ایک دھند ہماری اخلاقیات پر بھی تو چھائی ہوئی ہے ۔کہیں سوشل میڈیا پر مخالف کی دھجیاں ایسی اڑرہی ہیں کہ کل کے محسنوں کو آج غدار قرار دیکر ہر طرح کی گالم گلوچ جاری رہی۔
تو کہیں آڈیو وڈیو لیکس کا نہ تھمنے والا وہ شرمناک سلسہ شروع ہوا ہے جو پارساؤں کی اصلیت تو سامنے لے آیا ۔
لیکن ساتھ میں یہ سوال بھی تو چھوڑے جارہا ہے اگر اس ملک میں کسی کی بھی نجی زندگی بھی محفوظ نہیں تو پھر کس کی ہے۔؟
جہاں وزیراعظم کی گفتگو محفوظ نہیں وہاں عام شہری کتنا محفوظ ہے ؟اقتدار کی جنگ جیتنے کے لیے ہر طرح کی الزام تراشیاں اور منافقتیں کی جارہی ہیں.
بلیک میلنگز ، مفادات اور اختیارات کا کھیل اس ظالم دھند میں جاری ہے ۔ اس کھیل میں ان کھلاڑیوں کا نہ کوئی اصول ہے نہ ہی اخلاقیات بس ہر صورتہر حال طاقت کا حصول ہے۔
مگر ملک کا کیا ہے ہوتا رہے جو ہوتا ہے دھند کچھ کم ہو تو سوچینگے اور سوچنے کا وقت تو ختم ہوتا جارہا ہے ۔ کیونکہ یہ دھند صرف آنکھوں کے سامنے نہیں بلکہ ذہنوں پر بھی چھائی ہوئی ہے.
سوال تو وہی رہیگا دھند کے اس پار کیا ؟تو جواب اس سال بھی یہی رہیگا دھند کے پار بس دھند ہے ۔
راوا آن لائن نیوز پورٹل ہے جو تازہ ترین خبروں، تبصروں، تجزیوں سمیت پاکستان اور دنیا بھر میں روزانہ ہونے والے واقعات پر مشتمل ہے
راوا – پاکستانی خبریں | بین الاقوامی
روایت ہے پاکستان رواداری ہے پاکستان
راوا ہے ملک کی پہچان
باخبر باشعور پاکستان کے لیے راوا کے ساتھ رہیے
Error: Could not authenticate you.
Your email address will not be published. Required fields are marked *